ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آر ٹی ای طلبہ سے فیس وصول کرنے والے اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی: وزیر تعلیم سرینواس

آر ٹی ای طلبہ سے فیس وصول کرنے والے اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی: وزیر تعلیم سرینواس

Tue, 02 Jul 2019 11:34:42    S.O. News Service

بنگلورو،2؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم ایس آر سرینواس نے ریاست کے پرائیویٹ اسکولوں کو سخت انتباہ دیا ہے کہ اگر آر ٹی ای(حق تعلیم) کے تحت داخل ہونے والے طلبہ سے فیس وصول کی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی- یہ شکایات ملنے کے بعد کہ ریاست میں بیشتر اسکول آر ٹی ای کے تحت داخلہ پانے والے طلبہ سے فیس کا مطالبہ کررہے ہیں - انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ان اسکولوں کو حکومت کی طرف سے فیس کی رقم کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اسکول فیس کی رقم کے لئے طلبہ پر دباؤ ڈالیں - ریاستی وزیر نے بھروسہ دیا کہ بہت جلد اسکولوں کو رقم کی ادائیگی کردی جائے گی- اسکول فیس کی رقم کے لئے حکومت سے مطالبہ کرسکتے ہیں لیکن طلبہ سے فیس وصول کرنے کا حق انہیں نہیں ہے- محکمہ تعلیمات کے ایک افسر نے کہا کہ حکومت کی طرف سے رقم کی ادائیگی میں تاخیر کی وجہ سے طلبہ کو پریشانی اٹھانی پڑرہی ہے- انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ طلبہ کو یونیفارم کا دوسرا جوڑا بھی فراہم نہیں کیا جاسکا ہے کیونکہ حکومت سے رقم جاری نہیں ہوئی ہے- انہوں نے بتایا کہ سروا سکھشا ابھیان اسکیم کے تحت طلبہ کو یونیفارم فراہم کئے جاتے ہیں یونیفارم کے رقم مرکزی حکومت وزارت فروغ انسانی وسائل کے ذریعہ حاصل ہوتی ہے- اس سلسلے میں مرکزی وزارت سے بات ہوئی ہے- امید ہے کہ جلد ہی رقم جاری ہوجائے گی- محکمہ تعلیمات کے پرنسپل سکریٹری ایس آر اوما شنکر نے کہا کہ ہر رقم کے لئے جولائی کے آخر تک انتظار کریں اس کے بعد متبادل انتظامات کے بارے میں غور کیا جائے گا- واضح رہے کہ تعلیمی سال 2018-19 کے دوران بھی طلبہ کو یونیفارم کا دوسرا جوڑا فراہم نہیں کیا گیا کیونکہ ریاستی حکومت کو مرکزی حکومت سے فنڈ نہیں ملا تھا-


Share: